ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ کے خلاف عدالت میں کیس دائر

994

لاہور: ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ کے اختتام کو روکنے کے لئے مہم نامی خاتون نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق خاتون نے ڈرامے کی آخری قسط کو روکنے کے لئے لاہور کی ایک شہری عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ ڈرامہ سیریل میں خواتین کی مسلسل توہین کی گئی ہے اور انہیں معاشرے کے ایک غیر اہم حصے کے طور پر دکھایا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ یہ ڈرامہ پاکستانی خواتین کے لیے سود مند ثابت نہیں ہوا ہے۔

درخواست میں خاتون نے مزید لکھا  کہ اسکرپٹ کے مصنف نے انتہائی غیراخلاقی انداز میں خواتین کے خلاف اپنی سطحی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے۔

خاتون نے یہ درخواست اپنے وکیل ماجد چوہدری کے توسط سے دائر کی ہے اور درخواست میں پیمرا، پنجاب فلم سنسر بورڈ، اے آر وائی ڈیجیٹل، ندیم بیگ اور ہمایوں سعید کو بطور مدعا علیہ نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی کے دلائل سننے کے بعد سول جج نائلہ ایوب نے سماعت کی تاریخ 24 جنوری مقرر کردی ہے جبکہ پیمرا، ندیم  بیگ اور ہمایوں سعید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جواب دیں۔