ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے،صدر عارف علوی

378
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تاجر وصنعتکاروں کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے،وزیر اعظم بھی اس معاملے پر امریکی صدر سے بات کر چکے ہیں، مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک بھر کے تمام ایوان صنعت وتجارت کے صدور سے ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پائے بغیر شرح سود کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق فروری میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ افرادی قوت کے حوالے سے پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔ ہمارا چیلنج ہے کہ مہنگائی کم کر کے لوگوں کی قوت خرید کو بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ہفتے اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں افرادی قوت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ مواقع نہ ہونے سے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کاروباری تنظیموں کو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان مسلسل مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے کیونکہ حکومت اورکاروباری برادری دونوں ملک میں کاروباری شعبے کا فروغ چاہتے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں کے اقدامات کے باعث ملک کو کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور تجارتی خسارے کا سامنا تھا۔ موجودہ حکومت نے کاروبار میں آسانی پیداکرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو کاروباری شعبے میں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ذریعے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں بہتری کے لیے سیڈ ایکٹ جلد لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور ان کے لیے ہر وقت دروازے کھلے ہیں۔ اس موقع پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر میاں انجم نثار اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے بھی خطاب کیا۔