قاضی محمد جمیل پاکستان پرائیویٹ حج آرگنائزیشن اسلام آبادکے صدر منتخب

272

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) حج آرگنائزیشن پاکستان کے معروف اور دیرینہ رکن قاضی محمد جمیل پاکستان پرائیویٹ حج آرگنائزیشن اسلام آباد زون کے صدر منتخب ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنے شعبے میں بہترین خدمات کی وجہ سے انتخاب میں کلین سویپ کیا ہے منگل کو یہاں ایک سادہ اور پر وقار تقریب میں اپنی ذمے داری کا حلف اٹھالیا ہے ۔ انہوں نے حلف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان حج کوٹے کو نجی حج گروپس اور سرکاری کوٹے میں مساوی تقسیم کرے تاکہ حج انتظامات بہتر ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نجی حج گروپس آرگنائزیشن نے گزشتہ کئی سال سے پاکستان سے حجاز مقدس جانے والے عازمین حج کے لیے بہترین خدمات انجام دی ہیں اور حکومت انہیں مزید کام کرنے کا موقع دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بروقت کوٹہ الاٹ کرے تاکہ انتظامات بہتر ہوسکیں اور ائر لائنز کو بھی پابند بنایا جائے کہ وہ یکساں حج کرایے نافذ کریں اور حکومت کو چاہیے کہ 50کا کوٹہ رکھنے والی کمپنیوں کو کوٹہ بڑھائے ان کے لیے کم از کم کوٹہ دو بسوں کے برابر کیا جائے۔