ٹیم میں جگہ ملنے پر خوش سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اترونگا ،حارث رئوف

187

لاہور(جسارت نیوز ) فاسٹ بولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں سلیکشن پر خوش ہوں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، بھرپور پرفارمنس دکھا کر سیلکٹرز کے اعتماد پر پورا اتروں گا،ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے، گرین شرٹ پہن کر کھیلنا میرے لئے فخر کی بات ہو گی جس کو میں بیان نہیں کر سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ماں باپ کی دعائوں سے لیگ میچز اور ڈومیسک کرکٹ کے بعداب قومی لیول پر بہتر پرفارمنس پیش کرونگا ، لیگ میچز اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنا دونوں مختلف چیزیں ہیں لیکن سینئرز کے تجربہ سے استفادہ کر کے گرائونڈ میں ڈیبیو کرتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، سینئرز نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔حارث رئوف نے کہاکہ جب آپ اچھا پرفارم کرتے ہیں تو آپ کو بہتر چانس ملتاہے،جب میں ٹیپ بال کھیلتا تھا تو میری خواہش ہوتی تھی کہ میں ملکی سطح پر کھیلوں ،پھر میں نے ہارڈ بال کھیلنا شروع کی اور اس میں بہتر پرفارمنس کی بنیاد پر اب ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں سلیکٹ ہوا ہوں،میری کوشش ہو گی کہ میں بنگلا دیش کیخلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرکے ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ خود بھی ایک لمبے عرصہ تک کرکٹ کھیلوں۔فاسٹ بولر نے کہاکہ 2 سال تک عاقب جاوید بھائی کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا ،اب وقار یونس بھائی کے ساتھ کھیل رہا ہوں،دونوں ہی لیجنڈ کھلاڑی ہیں مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، ان کے تجربات کو سامنے رکھوں گا۔حارث رئوف نے کہاکہ پاکستان میں فاسٹ بولرز کیلئے بہت مواقع موجود ہیں،جب آپ 140 پلس کی سپیڈ سے بولنگ کروارہے ہوتے ہیں تو اپنی فٹنس کو بھی برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے،میں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کئے ہیں اور اب بھی اپن فٹنس پر پوری توجہ دے رہا ہوں،جس طرح بگ بیش میں اچھی کارکردگی دکھائی بنگلا دیش کیخلاف سیریز میں اس پرفارمنس کو دہرانے کی کوشش کرونگا۔انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے اور دوسرے ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں اس سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں جائیگا،ہوم گرائونڈ میں کھیلنا ہر کھلاڑی کیلئے ایک اعزازکی بات ہوتی ہے کیونکہ ہوم کرائونڈ جو کہ سپورٹ کررہا ہوتا ہے، اس سے کھلاڑی پراعتماد ہو کر کھیلتا ہے اور انجوائے کرتا ہے،بنگلا دیش کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے تاہم بنگلا دیش بھی ایک اچھی ٹیم ہے اس کو ہم آسان نہیں لیں گے بلکہ پوری پلاننگ سے کھیلیں گے اور انشاء اللہ جیتیں گے۔