آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ ،انگلینڈ نے تیسری پوزیشن مضبوط کرلی

157

دبئی (جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ جاری کر دی ہے، انگلینڈ کی ٹیم نے پروٹیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی تیسری پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔ بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم دوسری پوزیشن پر برقرار ہے۔ انگلینڈ نے پروٹیز سے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد تین درجے ترقی پائی تھی اور پاکستان سے تیسری پوزیشن چھین لی تھی، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل عمدہ کارکردگی اور مسلسل سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا ۔ اس کے بعد بنگلا دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات کے بعد بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، یوں آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 8 میچز کھیل کر 4 میں کامیابی کے بعد 116 پوائنٹس کے ساتھ اپنی تیسری پوزیشن مزیڈ مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان اور سری لنکن ٹیمیں 80، 80 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 60 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم 30 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی ٹیمیں تاحال دو دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور دونوں کے کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔