فخر زمان قومی ٹیم کے تمام بلے بازوں میں خطرناک ترین ہیں،انضمام الحق

139

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فخر زمان کو بنگلا دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلیے قومی اسکواڈ میں شامل کئے گئے تمام بلے بازوں سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ فخر زمان تینوں طرز کی کرکٹ میں قومی اسکواڈ میں شامل کیے گئے بلے بازوں سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔میں جانتا ہوں کہ گزشتہ کچھ میچوں میں اس کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن یہ ذہن میں رکھتے ہوئے کہ اس کے کھیلنے کا اندازہ دیگر کھلاڑیوں سے مختلف ہے، اسے دوبارہ اعتماد دیا جانا چاہئے تھا۔ان کا مزید کہا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پر بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، میرا خیال ہے کہ اگر وہ تین مرحلوں کی بجائے ایک ہی مرحلے میں مکمل سیریز کھیلتے تو بہتر ہوتا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے جذباتی مداحوں کے باعث انہیں بہت لطف آئے گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ انہیںکچھ حیرت ہوئی تھی کیونکہ انکے خیال میں ایک ہی سیریز کیلئے اتنی تبدیلیاں درست نہیں۔ میرا ماننا ہے کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے انتخاب میں توازن ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی اسکواڈ میں واپسی اچھا فیصلہ ہے جبکہ حارث رف کو منتخب کرنے کا فیصلہ بھی درست ہے۔