پاک بنگلادیش سیریز،آئی سی سی نے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقررکردیا

133

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیاہے۔ آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل سینئر رکن رنجن مدوگالے سیریز میں شامل تینوں میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔قومی امپائرز احسن رضا اور شوزب رضا کوآن فیلڈ امپائرز جبکہ احمد شہاب کو تھرڈامپائر اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔رنجن مدوگالے سے قبل ڈیوڈ بون(ویسٹ انڈیز ٹی ٹونٹی سیریز ، سری لنکا ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سیریز)، جیف کرو (سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ)، اینڈی پائی کرافٹ (سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ) اور رچی رچرڈسن (ورلڈ الیون) نے حالیہ چند ماہ میں آئی سی سی میچ ریفری کی حیثیت سے پاکستان میں فرائض انجام دئیے۔رنجن مدوگالیاس سے قبل بطور ریفری آخری مرتبہ جنوری 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ذمہ داریاں نبھانے پاکستان آئے تھے۔ 102 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے 60 سالہ رنجن مدوگالے نے بطور ریفری27 سال قبل پاکستان میں ہی ڈیبیو کیا تھا۔