عمران ٹرمپ ملاقات ،کشمیر ،افغانستان اور ایران زیر بحث

327
ڈیووس:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کررہے ہیں

ڈیووس(صباح نیوز+اے پی پی+آئی این پی) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر ، افغانستان اور ایران کا معاملہ زیربحث آیا۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پردونوں رہنماؤں کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں سائڈ لائن ملاقات ہوئی جس میںباہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اہم ملاقات میں امریکی اور پاکستانی وفد کے اراکین بھی شامل تھے۔اس موقع پر میڈیا سے مشترکہ گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے دوست ہیں، دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی،ہم پاکستان کے اتنے قریب نہیں تھے، جتنے اب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں،۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو کچھ ہو رہا ہے اس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر کے ساتھ افغان امن عمل پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کرانے کے لیے تیار ہیں۔ عمران خان کا کہناتھا کہ افغانستان کے معاملے پر امریکا اور پاکستان ایک صفحے پر ہیں۔