سستے آٹے کی فراہمی کیلیے 71 ارب سبسڈی دے رہے ہیں، اسلم اقبال

98

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ رواں مالی سال پنجاب کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلیے گندم پر 71 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس نے رواں سیزن میں کسانوں سے گند م خریدی ہے اور پنجاب میں 23 ملین ٹن گند م کے ذخائر موجود ہیں، پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے دوسرے صوبوں کو بھی گندم فراہم کر رہا ہے، حکومت 1375 روپے فی من کے حساب سے فلور ملوں کو گندم دے اور وہ مہنگا آٹا فروخت کریں یہ کہاں کا انصاف ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اگر ہم عوام کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کے لیے گندم پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں تو حکومت پوچھنے کا بھی حق رکھتی ہے، پنجاب میں 894 رجسٹرڈ فلور ملیں ہیں جن میں سے 814 فلور ملیں چل رہی ہیں۔ ایسی بھی ملیں ہیں جو سارا سال بند رہتی ہیں اور اپنا گندم کا کوٹہ باہر فروخت کر دیتی ہیں۔ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اور ہم عوام کے حقوق کا تحفظ ہرقیمت پر کریں گے۔ مافیاز ہر سیزن میں دیہاڑی لگاتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ وزیر اعلی پنجاب کا واضح پیغام ہے کہ عوام کو آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر ہ نرخوں پر فراہمی کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور سابق حکمرانوں کی طرح شعبدے بازی نہیں ہوگی۔