گندم کے بحران نے حکومتی بد دیانتی کو بے نقاب کردیا، فرید پراچہ

123

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ گندم کے بحران نے حکومتی بے تدبیری اور بد دیانتی کو بے نقاب کردیاہے ۔ پہلے تو شوگر مافیا نے کرشنگ سیزن جان بوجھ کر لیٹ کیا جس سے گندم کی بوائی متاثر ہوئی اب وہی مافیا3 لاکھ ٹن گندم درآمد کررہاہے یہ گندم جب تک آئے گی سندھ کی گندم مارچ اور پنجاب کی اپریل میں تیار ہوچکی ہوگی، اس طرح کاشتکار کو صحیح قیمت نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کسان دشمن ، غریب دشمن اور عوام دشمن ہے ۔ اس حکومت کا کلیجہ 341 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھا کر بھی ٹھنڈا نہیں ہوا، اب پھر گیس کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں ۔ آٹا، چینی ، گھی ، دالیں ، دودھ ، سبزی ، بجلی ، گیس وغیرہ ہر چیز مہنگی ہورہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی غریب کی آواز بنے گی اورآج سے مہنگائی کے خلاف ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔