صحافت پر مافیا قابض ہے‘ سوشل میڈیا کی بدولت اقتدار میں آیا‘ وزیراعظم

553

اسلام آباد(آن لائن) وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیا و صحافت مافیا کے قبضے میں ہے، ہم سوشل میڈیا کی بدولت اقتدار میں آئے ہیں، ہمارا مقابلہ مگرمچھوں سے ہے، عوام گھٹیا سیاست کرنے والوں کا منہ بند کریں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا آپریٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جس گھر میں ڈاکا پڑا ہو وہ گھر راتوں رات اپنے پائوں پرکھڑا نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعظم نے دوست ملک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چین نے دولت جمع کرکے نچلے طبقے کو غربت سے نکالا ، ہم بھی اسی طرح نجی سیکٹر کو مضبوط کر کے نچلے طبقے کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہمیں شدید خطرہ ہے،بھارت پر شدت پسند سیاست دانوں نے قبضہ کر لیا ہے، مودی سرکار کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج شروع ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنی اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کر سکتی ہے مگر ہم ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی توجہ سیاحت اور آئی ٹی کی طرف ہے جس کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود غریب طبقے کے لیے ہماری حکومت نے ہیلتھ کارڈ اور احساس کارڈ جیسے پروگرام متعارف کرائیں ہیں، اس طرح کے اقدامات پہلے کبھی نہیں کیے گئے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے 2پروگرامز جو نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے ان میں ہائوسنگ منصوبہ اور سیاحت سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔