سینیٹ آٹے بحران پر وفاق کا ذمے داری لینے سے انکار‘ ملبہ سندھ حکومت پر ڈال دیا

349

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں ) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی خسرو بختیار نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہے ملک میں گندم کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں ،سندھ میں گندم اور آٹے بحران کی ذمے دار سندھ حکومت ہے جنہوںنے اپنے پاس ایک دانہ بھی ذخیرہ نہیں کیا ہے موجودہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان بالا میں ملک میں جاری گندم اور آٹے کے بحران سے متعلق پالیسی بیان دیتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں گندم کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں اس وقت پبلک سیکٹر کے پاس گندم کے 40لاکھ ٹن ذخائر موجودہیں اور گندم کی نئی فصل آنے تک بھی یہ ذخائر 8لاکھ ٹن موجود رہیں گے انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال پنجاب نے 40لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ اپنے پاس رکھا جبکہ سندھ حکومت نے ایک دانہ بھی گندم کا ذخیرہ اپنے پاس نہیں رکھا ہے جس سے سندھ میں آٹے کا بحران پیدا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی و جہ سے بھی مسائل پیدا ہوئے ہیں تاہم اب صورتحال حکومت کے کنٹرول میں ہے اور سندھ کو روزانہ کی بنیاد پر گندم کی سپلائی جاری ہے جس کی وجہ سے وہاں پر آٹے کی فی کلو قیمت میں کمی ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کو بھی روزانہ 5ہزار ٹن گندم کی سپلائی کی جارہی ہے اور وہاں پر گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں گندم کی امدادی قیمت 1300مقرر کی گئی تھی اور مسلم لیگ ن کے دور میں امدادی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ،اب موجودہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت نے کسانوں کی سہولت کے لیے یوریا کھاد سے جی آئی ڈی سی ٹیکس ختم کردیا ہے جس سے کسانوں کو 400روپے فی بوری فائدہ ہوگا ۔وقفہ سوالات کے دوران وزیرپارلیمانی امور سینیٹراعظم سواتی نے بتایاکہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں 50لاکھ افرد مستفید ہورہے ہیں،اس سے ایسے لوگ نکال دیے ہیں جو کہ مستحق نہیں تھے مگر پیسے لے رہے تھے ۔پاکستان بیت المال کا بجٹ مالی سال 2018-19میں 5ارب کا بجٹ رکھا گیا ہے ۔بیت المال کابجٹ کم کرکے پر اپوزیشن نے احتجا ج کیا جبکہ پیپلزپارٹی نے غیرمستحق لوگوں کونکالنے پر حکومتی موقف منانے سے نکار کردیا۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ غیر مستحق لوگوں کوبے نظیر انکم سپورٹ سے نکالنے پر حکومت کو مبارک باد دیتاہوں بتایاجائے کہ ملک میں غربت میں کمی ہوئی ہے یااضافہ ہورہاہے جس پرسینیٹراعظم سواتی نے جواب دیاکہ ملک میںغربت میں اضافہ ہورہاہے اس لیے زیادہ رقم مختص کررہے ہیں ۔50لاکھ لوگوں کو سہ ماہی بنیادوں پر 5ہزار روپے دیتے ہیں ۔انہوں نے سینیٹ کو بتایا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد بھارت کو گلابی نمک کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔