غریب عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کررہے ہیں، قیصر شریف

87

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ مہنگائی کے مارے عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں۔ نااہل حکومت نے لوگوں کا خون نچوڑ کر ان سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیاہے ۔ عام آدمی روٹی کے ٹکڑے کے لیے سارا دن کولہو کے بیل کی طرح محنت کرتاہے مگر پھر بھی شام کو اسے اتنے پیسے نہیں ملتے جن سے وہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے ۔ مہنگائی نے سفید پوش طبقے کی عزت و وقار اور سفید پوشی کا بھرم بھی ختم کردیاہے ۔اپنے بیان میں قیصر شریف نے کہاہے کہ آٹے اور چینی کے بحران ہمیشہ حکومتی صفوں میں بیٹھے ہوئے مافیا نے پیدا کیے ہیں ،اگر وزیراعظم واقعی غریب عوام کی خیر خواہی اور ان بحرانوں سے نجات چاہتے ہیں تو اس کے ذمے داروں کو اپنی صفوں میں تلاش کریں ، امید ہے انہیں ناکامی اور مایوسی کا سامنا نہیںکرناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے کرپشن کے خاتمے اور احتساب کے نعرے بھی مذاق بن گئے ہیں ۔ لوٹی دولت واپس لانے کے تمام دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بے روزگاری اور آٹے و چینی کے بحران کے خلاف جماعت اسلامی آج سے ملک گیر تحریک شروع کر رہی ہے جس کا آغاز لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاجی جلسے اور مظاہرے سے ہوگا ۔ مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔