سینئر اساتذہ کی حق تلفی کے خلاف ٹیچرز نے احتجاج کی دھمکی دیدی ہے،میونسپل ٹیچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن

886

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع وسطی کے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں اقرباء پروری کے ذریعے من پسند اساتذہ کو اعلی عہدوں سے نوازنے کا سلسلہ جاری ہے حالانکہ ضلع وسطی میں گذشتہ دس برس سے1500کے قریب اساتذہ ٹائم اسکیل کے ذریعے تاحال ترقیوں کے منتظر ہیں،

میونسپل ٹیچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے سینئر اساتذہ کی حق تلفی اور انہیں ٹائم اسکیل نہ دینے کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیدی ہے۔اس ضمن میں ذرائع نے بتا یا کہ ڈی ایم سی ضلع وسطی میں گریڈ16کی ایچ ایس ٹی ٹیچر غزالہ یاسمین بنت محمد رفیق کو ٹائم اسکیل کے نام پرگریڈ19سے نواز دیا گیا،

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ٹیچر 1996ء میں گریڈ7میں بھرتی ہوئیں اور1998ء میں انہیں گریڈ 16پر ترقی دیدی گئی۔ ضلعی میونسپل کارپوریشن وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے از خود بنائی گئی پالیسی کے مطابق میونسپل کو درپیش مالی مسائل کے پیش نظر ریٹائرمنٹ میں 2سال باقی رہ جانیوالے پی ایس ٹی،جے ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی اساتذہ کو ترجیح دیکر ٹائم اسکیل کے ذریعے اگلے گریڈ میں ترقی دی جاتی ہے مگر ایچ ایس ٹی ٹیچر غزالہ یاسمین کے ریٹائرمنٹ میں اب تقریبا10سال باقی ہے لیکن اسکے باوجود ضلعی حکام نے ترقی دیدی،

بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن وسطی میں جن اساتذہ کا تقرر 2009 میں ہوا انہیں بھی ٹائم اسکیل دیکر نواز جا رہا ہے اس کے برعکس وسطی میں میں جن اساتذہ کا 1985 میں تقرر ہوا وہ ابھی تک ترقی یا ٹائم اسکیل کے مالی فائدے سے محروم ہیں،

معلوم ہوا ہے کہ سندھ حکومت کے جاری نوٹیفکیشن سال2010ء کے مطابق اصولی طور پر ٹائم اسکیل کا اطلاق سب سے پہلے بھرتی ہونیوالے اساتذہ پر ہونا چاہیئے تھا اور اس وقت ضلع وسطی کے1500اساتذہ ٹائم اسکیل کے ذریعے ترقیوں کے منتظر ہیں مگر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے حکام کود اپنی بنائی گئی پالسیوں سے انحراف کر رہے ہیں،

ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے6اضلاع میں سے 4اضلاع میں میونسپل کارپوریشن کے ماتحت سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو ٹائم اسکیل دیدیا گیا ہے مگر ضلع وسطی اور کورنگی کے اساتذہ ٹائم اسکیل سے محروم ہیں،

دوسری جانب میونسپل ٹیچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے حکام بالا ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین اور میونسپل کمشنر ز سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور سندھ گورنمنٹ کے جاری شدہ نوٹیفکیشن 2010 کے مطابق تمام اساتذہ کو ٹائم اسکیل دیا جائے یاپھر میونسپل کارپوریشن اپنی ہی بنائی گئی پالیسیوں کا پاس رکھے،

بصورت دیگر میونسپل ٹیچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گی اور اساتذہ سے کی جانے والی ناانصافیوں پر ہر سطح پر آواز بلند کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔