بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل کی ایک اور ڈیڈلائن

307

وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختون خواہ شاہ محمد نے پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی تکمیل کے لیے ایک اور ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل 30 جون 2020 تک مکمل کرلیں گے۔

پشاور میں ترجمان خیبر پختونخوا (کے پی)حکومت اجمل وزیر اور وزیرٹرانسپورٹ شاہ محمد نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 2021 بی آرٹی کی تکمیل کا سال ہے،لیکن صوبائی حکومت اس منصوبے کو 30 جون 2020 تک مکمل کرے گی۔

شاہ محمد کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی مجبوری کی حالت میں شروع کیا گیا کیونکہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل تھے اور اس منصوبے سے پشاور کے لوگوں کو سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جون 2021 اس منصوبے کی تکمیل کا سال ہےلیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کریں۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو اپوزیشن نے سیاسی بنایا جبکہ منصوبے کی 6 ماہ میں تکیمل کی بات اس وقت کے وزیراعلی پرویز خٹک کی ذاتی رائے تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم 30 جون تک منصوبے کو مکمل کریں گے، ٹھیکیدار کے ساتھ ہماوا معاہدہ ہوا ہے اور وقت پر کام مکمل کریں گے، اگر کام وقت پر مکمل نہیں ہوا تو جرمانہ عائد کریں گے۔

یاد رہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز اکتوبر 2017 میں ہوا تھا اور اس وقت کی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ منصوبے کو 2018 کے انتخابات سے قبل 6 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، حکومت کی جانب سے منصوبے کے افتتاح کی بار بار تاریخیں دی گئی لیکن اب تک کسی پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔