“امریکا نے بزدلانہ کارروائی میں سلیمانی کو قتل کیا، ہم مردانہ وار حملہ کریں گے”

366

ایران  کی ایلیٹ قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قانی نے قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے بزدلانہ کارروائی میں میرے پیش رو کو قتل کیا لیکن ہم دشمن کو مردانہ  وار  کارروائی میں ماریں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قانی نے یہ اعلان اسلامی پاسداران انقلاب کے اہلکاروں سے تعارفی تقریب کے دوران  کیا۔

اسماعیل قانی نے کہا کہ  امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایک بزدلانہ کارروائی میں قتل کیا تھا، ہم اللہ کی تائید و نصرت  اور دنیا بھر میں آزادی کے متلاشی  افراد کے ساتھ مل کر ،جو خون کا انتقال لینے کے لیے تیار ہیں ، ہم اپنے دشمن کو مردانہ وار کارروائی کے ذریعے ہدف بنائیں گے۔

اسماعیل قانی 1950 میں ایران  کے شمال مشرقی شہر مشہد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کو 1980 میں جوائن کیا تھا۔ ابتدائی طور پر انہیں پاسداران انقلاب کی بری فوج کا ڈپٹی چیف مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں القدس فورس کا ڈپٹی مقرر کیا گیا۔