وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کیلیے آج ڈیووس روانہ ہوں گے

190

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے آج منگل کو 3 روزہ دورے پر ڈیووس کے لیے روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان21 سے 23 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے‘عمران خان امریکی صدر ٹرمپ سمیت مختلف عالمی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کے بانی و انتظامی چیئرمین کلاز شواب نے وزیراعظم کو فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ فورم سے سیاسی رہنما، بزنس ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندے عصر حاضر کے اقتصادی، جیو پولیٹیکل، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اس دورے کے دوران عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن میں شریک ہوں گے۔