فیملی نے پاکستان جانے نہیں دیا، مشفق الرحیم کا انکشاف

364

ڈھاکا: بنگلادیشی کرکٹر مشفق الرحیم کا کہناہےکہ’ان کی فیملی نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی’ ۔

تفصیلات کے مطابق سابق بنگلا دیشی کپتان مشفق الرحیم نے انکشاف کیا ہے کہ ‘ان کی فیملی نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی’جس کی وجہ سیکورٹی کے مسائل ہیں ۔

مشفق الرحیم نے مزیدکہا کہ  رواں سال ہونےوالی پاکستان سپرلیگ  میں بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیاہے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل کے بعدمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیملی انہیں پاکستان جانے سے روک رہی ہے اور ان کی پریشانی کے پیش نظروہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے بورڈ کو بھی اپنے فیصلے سےمطلع کردیا تھا جسے تسلیم کرلیا گیا۔

مشفق نے موقف اپنایا کہ سیریز سےدستبرداری آسان فیصلہ ہرگز نہیں تھا لیکن جب فیملی کی جانب سے مخالفت ہو تو ان کیلئے کرکٹ زندگی سےبڑھ کرنہیں ہے۔

دوسری جانب مشفق الرحیم نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال حالیہ عرصے میں بہتر ہوئی ہےلیکن وہ مزید 2 سے 3سال انتظارکرنا چاہیں گے اور جب ٹیمیں تواتر کے ساتھ وہاں جائیں گی تو پھر اطمینان کے بعد انہیں جانے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیوں کہ وہ 2008 میں بھی پاکستان جاکر کھیل چکے ہیں جو کرکٹ کھیلنے کیلئے بہترین مقام ہے جس کی کمی انہیں لازمی محسوس ہوگی۔

یاد رہے کہ بنگلادیشی کرکٹر کو پی ایس ایل میں کسی  پاکستانی فرنچائز کی جانب سے نہیں خریدا گیا تھا۔