امن ٹیک کی جانب سے 400 طلبا کومختلف کورسز میں مفت داخلوں کااعلان،

883

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)امن ٹیک پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز، ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی) کے ذریعے ہنر مند مزدوروں اور صنعتوں کے مابین فرق کم کرنے میں اہم کردار ادا کررہاہے اور اس نے اب تک تقریبا 15 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی ہے،

ان خیالات کا اظہار علی فراز صدیقی، امن ٹیک کے نئے سی ای او نے ایک تقریب میں کیا جس کا مقصد ٹیکنیکل اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانا اور تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا،

اس موقع پر صنعتوں، سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی، تعلیمی اداروں، کاروباری شعبوں کے نمائندوں اور طلبا کی بڑی تعداد شریک تھی,

400 طلبا کو مفت کورسز میں داخلوں کا بھی اعلان بھی کیا گیا۔ یہ مفت کورسز آٹوموبائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن، مکینیکل اور الیکٹریکل کے 12 مختلف ٹریڈ میں کروائے جارہے ہیں،یہ داخلے ڈیویلپمنٹ تھرو اسکلز (ڈی ٹی ایس) پروجیکٹ کے تحت پیش کیے گئے ہیں۔ کورسز کو ٹی وی ای ٹی سپورٹ پروگرام کا تعاون بھی حاصل ہے جس کی فنڈنگ یورپی یونین، جرمنی اور رائل نارویجین ایمبیسی نے کی ہے،

امن ٹیک میں تعلیمی شعبے کے سربراہ سید فواد اشرف نے کہا کہ طلبا امن ٹیک میں 4 ماہ کی تربیت اور ورک بیسڈ ٹریننگ (ڈبلیو بی ٹی) کے لئے 2 ماہ صنعتوں میں کام کریں گے، جس سے طلبا کو عملی تجربہ اور ملازمت کے لئے ضروری مہارت ملے گی،

علی فراز نے مزید کہا کہ ہم نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ (TVET) اور حکومت کے مقاصد کی تکمیل کے لئے پوری طرح معاونت فراہم کر رہے ہیں، ہم نے حال ہی میں سندھ بھر کے مختلف پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے 60 اساتذہ کو اسی پروگرام کے تحت تربیت دی ہے تاکہ وہ اپنے طلباء کی بہتر تربیت کرسکیں،

انہوں نے کہا کہ امن ٹیک کو اساتذہ کی تربیت کے لئے منتخب کیا گیا تھا کیونکہ ہمارے پاس جدید ترین تربیت کی سہولت اور اعلیٰ تعلیم یافتہ سی بی ٹی اینڈ اے(Competency Based Training and Assessment)سرٹیفائڈ اساتذہ ہیں،اس موقع پر ایم ڈی،ٹی وی ای ٹی اے، سندھ(TEVTA)، ڈاکٹر وسیم شمشاد علی نے خطاب کرتے ہوئے صنعتوں کے ساتھ عملی تجربے اور تربیت کے لئے ایک پلیٹ فارم تیار کرنے کے لئے ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے پر امن ٹیک کو سراہا،

چیف پیپل آفیسر، کے آئی اے لکی موٹرز پاکستان کے مقصود علی نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلیم انسانی وسائل کی ترقی کی بنیاد ہے لیکن اس شعبے پر ابھی تک توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ امن ٹیک نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے کوشاں ہے اور معیشت کی ترقی میں کردار ادا کررہی ہے،

انہوں نے امن ٹیک کے تربیت یافتہ گریجویٹس کے معیار کی بھی تعریف کی اورپاکستان میں کے آئی اے کی گاڑیوں کی تیاری کے لئے 135 تربیت یافتہ اور ہنرمند کارکنوں کی فراہمی کو بھی سراہا ہے۔