ذوالفقار علی بھٹو کو مزدور رہنمائوں کا خراج تحسین

180

ذوالفقار علی بھٹو کی قومی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے مملکتِ پاکستان کو ایشیاء کا طاقتور اور خوشحال ترین ملک بنانے کی راہ پر گامزن کردیا تھا مگر جمہوریت اور عوام دشمن قووتوں نے اُن کو نہیںبلکہ درحقیقت پاکستان کے کروڑوں محنت کش عوام کی خواہشات اور اُن کے مستقبل کو پھانسی پر چڑھادیا۔وہ پیپلز یونین آف ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ (سی بی اے) کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ کے حوالہ سے منعقد کی گئی تقریب سے اُن کے مرکزی دفتر میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر میزبان یونین کے صدر منتخب عالم اورآل پاکستان نفٹ ایمپلائز یونین (سی بی اے)کے سیکرٹری جنرل فہیم صابر نے بھی خطاب کیا۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے مختصر دورِ اقتدار میں پاکستان کے عوام اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے جو کارنامے انجام دیے اُنہیں ملیامیٹ کرنے کے لیے وطن عزیز کو جمہوریت کی پٹری سے ڈی ریل کرکے اُسے آمریت کے عذاب میں مبتلا کیا گیا جس کے نتیجہ میں ملک میں انتہا پسندی، جنونیت پھیلی جس کے اثرات سے معاشرہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود آج تک آزاد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ ورکنگ کلاس آبادی کا تقریبا چالیس فیصد حصّہ ہے مگر اس کے باوجود منتخب ایوانوں اور پالیسی ساز اداروں میں اُن کی کوئی حقیقی نمائندگی موجود نہیں۔ انہوں نے کہاکہ محنت کش طبقہ کی حقیقی نمائندگی کو نظر انداز کرکے بہت زیادہ طویل عرصہ تک امور ریاست کو چلایا نہیں جاسکتا کیونکہ جمہوری اور سیاسی عدم استحکام کی یہ بھی ایک بڑی وجہ ہے ۔تقریب کے صدر مزدور رہنما منتخب عالم نے ذوالفقارعلی بھٹو کی تاریخی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اپنے ادارہ کے ملازمین کو درپیش متعدد مسائل سے بھی مہمانِ خصوصی کو آگاہ کیا۔