الائیڈ بینک ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا جائے

234

الائیڈ بینک ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے رہنما مسرور احمد مسرور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملک کے مرکزی بینک کی حیثیت حاصل ہے۔ اسٹیٹ بینک کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ اس امر کو یقینی بنائے کہ تمام بینک قواعد و ضوابط کے تحت بینکاری کے عمل کو جاری رکھیں جو بینک غیر قانونی طور پر بینکاری کے عمل میں کارروائی کے مرتکب ہوں ان کے خلاف قانون کو پوری طرح حرکت میں آنا چاہیے۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ویسے تو اسٹیٹ بینک ملک کے بینکوں کے مالیاتی نظام کے تمام معاملات پر نظر رکھتا ہے لیکن جب ان بینکوں میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ بینکوں کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کی بات آتی ہے تو اسٹیٹ بینک خاموش تماشائی بن جاتا ہے اور کہتا ہے کہ بینک کے تمام معاملات پر وہ ضرور توجہ دیتے ہیں لیکن بینک ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے معاملات میں دخل نہیں دے سکتے، ان کی اس بات کا کوئی جواز بھی ہونا چاہیے۔ اب الائیڈ بینک کے ملازمین کے ساتھ بینک انتظامیہ نے جو رویہ اختیار کر رکھا ہے اس میں سب سے بنیادی معاملہ ریٹائرمنٹ اور پنشن کی ادائیگی جون 2002ء کی تنخواہ سے منجمد کرنے کا ہے جو اسٹاف کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔ الائیڈ بینک کے ملازمین کی تنخواہوں سے سالوں گروپ انشورنس اور EOBI کی مد میں رقوم کی کٹوتی ہوتی رہی لیکن یہ گروپ انشورنس اور EOBI کی رقم ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد ادا نہیں کی گئی۔ ریٹائرڈ ملازمین نے جب اسٹیٹ لائف انشورنس کو تحریری طور پر انشورنس کی رقم نہ ملنے کی شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ انہیں انشورنس کی رقم معہ منافع کے ساتھ ادا کی جائے تو انہوں نے جواب میں یہ اطلاع دی کہ بینک نے انشورنس پالیسی 2007ء میں خرچ کردی تھی اور اس ضمن میں انشورنس کمپنی نے بینک کو ادائیگی کردی ہے، اس لیے اس سلسلے میں بینک انتظامیہ سے رجوع کیا جائے جب ریٹائرڈ ملازمین نے بینک انتظامیہ کو درخواستیں دیں تو ان کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ کٹوتی کرتا رہا ہے، اسی طرح EOBI کی مد میں جو رقوم کاٹی گئیں ان کا بھی کوئی پتا نہیں چل رہا کہ یہ رقوم کہاں گئیں۔ الائیڈ بینک کو انشورنس اور EOBI کی جمع شدہ رقوم کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اور ریٹائرڈ اسٹاف کو ان کی رقم کی ادائیگی بلاتاخیر کی جائے۔ یہاں اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام سے بھی درخواست ہے کہ وہ الائیڈ بینک کے پنشن اکائونٹ اور گروپ انشورنس و EOBI کے اکائونٹس کا آڈٹ کرے اور بینک کے ریٹائرڈ اسٹاف کو ریلیف دے ۔