EOBI پنشنرز کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں

379

EOBIپنشنرز ویلفیئر ایسو سی ایشن پاکستان (ایپوا) کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت سرپرست اعلیٰ اظفر شمیم مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سرپرست اعلی اظفر شمیم، صدر قاضی عبدالجبار، جنرل سیکرٹری سید علمدار رضا اور سینئر نائب صدر متین خان نے EOBI کے انتظام کو وفاقی حکومت کے ماتحت رکھنے کے فیصلے کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ایک تاریخی کارنامہ انجام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پنشنرز کے لیے یہ احسن اقدام دوررس نتائج کا حامل ہو گا اور پنشنرز کی بہتری کے لیے مزید جامع پالیسیاں مرتب ہو سکیں گی۔ کور کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ کے وفاقی وزیر سید ذوالفقار عباس بخاری کی جانب سے حال ہی میں EOBI پنشنرز کی پنشن کی رقم 6500 سے 8500 روپے مقرر کرنے کے عمل کو بھی قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ قوی اُمید ہے کہ مستقبل قریب میں یہ رقم حسب وعدہ 10 ہزار روپے ماہانہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے تاکہ پنشنرز کی ایک بڑی تعداد کسی حد تک ضروریات زندگی کو کفایت شعاری کے ساتھ پوری کر سکے۔ ایپوا کی کور کمیٹی نے وفاقی حکومت کی توجہ پنشن کی رقم کم از کم 15 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کور کمیٹی نے کہا کہ EOBI پنشنرز کی اکثریت مہلک اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہے جن کو علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجرا بہت ضروری ہے۔ پاکستان میں مدینہ کی ریاست کی بنیاد رکھنے والی حکومت کا اولین فرض ہے کہ لاچار، بوڑھے، اپاہج، بے بس، ضعیف العمر پنشنرز کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے۔