پاکستان کی مزدور تحریک کے ناقابل فراموش کردار

192

وقت تیز رفتاری سے گزرتا جارہا ہے۔ پاکستان کی مزدور تحریک کے لیے ہر سال کا آخری مہینہ دسمبر اور سال کی ابتداء ماہ جنوری سبق آموز واقعات کی یاد تازہ کردیتے ہیں جس میں مزدور تحریک کی نامور ہستیاں سعید پاشا لودھی (دسمبر 2005) سلیم رضا (17 جنوری 2007) اور نبی احمد (11 جنوری 2011) کو اپنے لاکھوں سوگواروں کو اپنا قیمتی اثاثہ سپرد کرتے ہوئے دائمی سفر آخرت کی جانب روانہ ہوگئے۔ ان نامور مزدور رہنمائوں نے اپنی زندگی کا ہر ہر لمحہ پاکستان کی مزدور تحریک اور محروم و مظلوم طبقہ کی فلاح وبہبود اور ان کو منظم کرنے کے لیے وقف کیا جس کو وطن عزیز کی مزدور تحریک اپنے لیے مشعل راہ سمجھتی ہے۔ گرچہ ان مرحومین میں سلیم رضا سب سے کم عمری یعنی 57 سال کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے لیکن اس مختصر دنیاوی زندگی میں انہوں نے اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی قیمتی زندگی کے تمام تر لمحات مسلسل جدوجہد میں گزار دیے اور انتقال سے قبل شدید علالت کے باعث باقاعدگی سے مزدوروں کی خدمت کے لیے مصروف عمل رہے۔ جبکہ مرحوم لودھی صاحب اور نبی احمد مرحوم بھی پاکستان کی مزدور تحریک کو منظم و یکجا کرنے اور مظلوم و محروم طبقہ کی داد رسی کے لیے اپنی تمام تر توانائیوں کو اپنی آخری سانس تک استعمال کرتے رہے۔ ان عظیم رہنمائوں کے بعد پاکستان کی مزدور تحریک تقریباً بانجھ ہو کر رہ گئی ہے کیونکہ تحریک اور مزدور تنظیموں نے ان کے افکار کو فراموش کرتے ہوئے نئی ڈگر تلاش کرلی ہے۔