انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

258

جنوبی افریقا میں جاری آئی سی سی انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلےمیچ میں اسکاٹ لینڈ کو7وکٹوں سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پوچیف سٹروم کے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اسپورٹس ویلج گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میںسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 23.5 اوورز میں 75 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،اسکاٹ لینڈ کے 9 بلے باز ڈبل فیگر اننگز بھی نہ کھیل سکے اور 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے  محمد وسیم نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ طاہر حسین  نے 3 اور عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن ہوا ،حیدر علی4 اورمحمد شہزادصفر پر آئوٹ ہوگئے۔نئے آنے والے بلے باز روحیل نذیر اور عرفان خان نے چوتھی وکٹ کیلئے47رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور51رنز تک پہنچا دیا۔کپتان روحیل نذیر27رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 76 رنز کا ہدف 11.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 38 اور قاسم اکرم 5 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کے محمد وسیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 22 جنوری کو زمبابوے کیخلاف کھیلے گی۔