مافیا نے زرعی اجناس کی زخیرہ اندوزی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے،معاون خصوصی

291

سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مافیا نے اپنی بلیک منی وائٹ کرنے کیلئے زرعی اجناس کی زخیرہ اندوزی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نےعوام سے وعدہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کونہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ مافیا نے اپنی بلیک منی وائٹ کرنے کیلئے زرعی اجناس کی زخیرہ اندوزی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور موقع ملنے پر مہنگے داموں فروخت کر رہا ہے، وزیراعظم نے رئیل اسٹیٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹے کے بحران سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے جس کی روک تھام ضروری ہے، سندھ میں گندم کی بروقت خریداری نہیں کی گئی،صوبائی حکومت نے اپنے فرائض میں غفلت برتی جبکہ پنجاب میں 60 فیصد زیادہ گندم پیدااورذخیرہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کےعوام کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنا ہمارا فرض ہے، وزیراعظم نے4لاکھ ٹن گندم سندھ کو دینے کا حکم دیا ہے، جس میں سے سندھ حکومت نے ایک لاکھ ٹن گندم اٹھائی ہے لیکن اس گندم کو فلور ملز تک پہنچانے میں ناکام رہی، جس کی وجہ سے آٹے کی قیمت بڑھی۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ مسلسل تاثر دے رہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرے گی، دیوانے کے خواب دیکھنے والے سن لیں حکومت اتحادیوں کیساتھ مل کر 5 سال پورے کرے گی۔