آٹا بحران: لوگ نومبر اور دسمبر میں زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں، شیخ رشید

158

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ گیس نہیں ہے اور آٹا بھی مہنگا ہے لیکن عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں، لوگ نومبر اور دسمبر میں زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں، نو از شریف اب واپس نہیں آئیں گے، میرا دوست شہباز شریف واپس آئے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جس کام کے لیے لندن گئے ہیں انہیں وہ کرنے دیں، مریم نواز اور شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں، شہبازشریف میری پارٹی کے آدمی ہیں، جب میں کہوں تب ہی واپس آئیں گے، یہ سارے لوگ سوچ سمجھ کر ہی باہر گئے ہیں، میں نے کہا تھا کہ تابوت بھی یہیں سے نکلے گا اور ثبوت بھی، مریم نواز فی الحال اپنے والد کے پاس نہیں جارہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ آرمی ایکٹ سے متعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی، نیب آرڈیننس پر بھی پردے کے پیچھے تعاون جاری ہے، امید ہے الیکشن کمشنر کا معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں بھی ساتھ ہوں، فواد چودھری بڑے آدمی ہیں، ان میں ہمت ہے اسی لیے انہوں نے سب کے سامنے عثمان بزدار کے حوالے سے بات کی مجھ میں ہمت نہیں میں ان کی بات نہیں دہر ا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ایک مجبوری ہے، فروری اور مارچ کے مہینے مہنگائی کی وجہ سے مشکل ہوں گے، مہنگائی ختم کرنے کے لیے ہمیں ڈیڑھ برس کا مزید وقت دیں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ریلو ے واحد محکمہ ہے جس میں 25ہزار نوکریاں آنے والی ہیں، اسامیا ں رواں سال مارچ میں آجا ئیں گی۔