ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ترجمان پنجاب حکومت کے گھر ڈکیتیاں

257

راولپنڈی (آن لائن) ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود اور ترجمان پنجاب حکومت انجینئر افتخار چودھری کے گھر ڈکیتی کی وارداتیں، ڈاکو لاکھوں کی نقدی اور طلائی زیورات لے اڑے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کے علاقے گلستان کالونی میں ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود کے گھر ڈکیتی، 3 مسلح افراد اہل خانہ کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو واردات کا سراغ لگانے کیلیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس حکام نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سول لائن کو واردات کا سراغ لگانے کیلیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے رپورٹ دی جائے۔ اے ایس پی سول لائن سرکل بینش فاطمہ نے بتایا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کے گھر ہونے والی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت کے ترجمان انجینئر افتخار چودھری کے گھر بھی ڈکیتی کی وارادت ہوئی، 4 ڈاکوؤں نے 2 گھنٹے تک اہل خانہ کو یرغمال بنائے رکھا، 25 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے اور مزاحمت پر انجینئر افتخار چودھری کے بیٹے کو بھی زخمی کردیا، راولپنڈی پولیس نے اطلاع ملتے ہی سائینٹیفک بنیادوں پر تفتیش شروع کردی، وزیراعظم عمران خان نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور ہر شہری کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں پنجاب حکومت کے ترجمان انجینئر افتخار چودھری کے گھر 4 ڈاکو گھس گئے۔ ملزمان 2 گھنٹے تک گھر کی تلاشی لیتے رہے۔ ڈاکو ساتھ والے ویران گھر میں موٹر سائیکل کھڑی کرکے چھت کے راستے افتخار چودھری کے گھر داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنالیا۔ ڈاکو واردات کے دوران انگلش اور عربی زبان میں بھی گفتگو کرتے رہے اور اہلخانہ کو نماز پڑھنے کی تلقین اور ڈکیتی کیلیے اپنی مجبوریوں کا بھی تذکرہ کرتے رہے۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے گھر کی خواتین کو ہدایت کی کہ وہ ایسے طلائی زیورات نہیں لوٹیں گے جو پہن رکھے ہیں البتہ فالتو جو گھر میں پڑے ہوئے ہیں وہ ہمارے حوالے کردیے جائیں۔ اسی دوران انجینئر افتخار چوہدری کے سعودیہ سے ایک دن پہلے واپس آنے والے بیٹے نے مزاحمت کی کوشش کی تو اسے راڈ مار کر زخمی کردیا۔ ڈاکو واردات کے بعد تسلی سے فرار ہوگئے۔