کرپشن اور مافیا کے خاتمے تک لڑائی جاری رکھوں گا، عمران خان

1686

اسلام آباد (نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر چیلینجز کا سامنا ہے، میری کامیابی قوم کی کامیابی ہے، کرپٹ ہوں نہ کسی کو کرپشن کرنے دوں گا،کرپشن مافیا کے خاتمے تک لڑائی جاری رکھوں گا، بھارت بڑا چیلنج ہے، وہاں پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات نریندرا مودی کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے پاکستان پر حملہ کرا سکتا ہے جس کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں،وزیراعظم نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس، ذخیرہ اندوزں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور ڈیجیٹل میڈیا کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کے لیے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا معاملہ سنجیدہ ہے، بھارت اس وقت بڑا چیلنج ہے، بھارت پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات مودی کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے بھارت پاکستان کے خلاف شرانگیزی کرسکتا ہے۔ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیاری بھرپور ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ نوجوان طبقے کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ محنت کریں۔ کامیابی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے۔ مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان طبقے کو کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیے، حکومت نے غریب عوام کے لیے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا،عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مافیا نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شریف برادران کرپشن سے بنائے اثاثوں کا جواب نہیں دے سکا۔ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کو اس کی اپنی پارٹی کے لوگ قاتل کہتے ہیں، میری کامیابی قوم کی کامیابی ہے، ناکام ہوئے تو چور ڈاکو پھر اقتدار میں آئیں گے، مسائل راتوں رات حل نہیں ہوتے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ ریاست بننے میں بھی وقت لگا، حکومت کے خلاف میڈیا پر منصوبہ بندی سے مہم چلائی جاتی ہے، حکومت جھوٹی خبروں کے خلاف اب کاروائی کرے گی، جعلی خبروں سے متعلق شہباز گل اور ارسلان جاوید کو ٹاسک سونپا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاون کا حکم دے دیا ۔وزیراعظم آفس نے چاروں چیف سیکرٹریز سے رابطہ کیا ہے اور آٹا بحران پر گرینڈ آپریشن کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیراعظم آفس نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، چیف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزوں اور مہنگا آٹا بیچنے والوں کی فوری گرفتاری اور گودام سیل کرنے کے احکامات دیے۔وزیراعظم آفس کے مطابق احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور ڈی سیز اپنے اپنے علاقے میں کارروائی کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ دیں۔ ذخیرہ اندوزی، آٹے کی قلت اور جہاں آٹا مہنگا فروخت ہوا انتظامیہ جوابدہ ہوگی۔ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق غفلت کے مرتکب افسران کی چیکنگ کے لیے مانیٹرنگ کرکے کارروائی کی جائے،حکومت کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے وزیر اعظم نے اقدامات اٹھائے ہیں، بروقت اقدامات سے آٹے کی قیمت نیچے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ من مانی کرنے پر فلارز ملوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، آٹا، گندم کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔