چینی کمپنی ”ٹائم سیکو“ آئندہ ہفتے کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کرے گی،

5917

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)چینی کمپنی ”ٹائم سیکو“آئندہ ہفتے کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لئے اپنی سروس کا آغاز کرے گی،اب تک کراچی میں ٹائم سیکو نے 5فرنچائز قائم کر دیے ہیں مزید15سے زائدفرنچائزز کھولے جائیں گے،

ٹائم سیکوکے میڈیا منیجر اسد اللہ نے جسارت سے خصو صی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں دیگر آن لائن ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی طرح چین کی کمپنی ٹائم سیکو اسلام آباد،راولپنڈی اورلاہور کے بعد آئندہ ہفتے کراچی میں بھی اپنی سروس کا آغاز کرنے جارہی ہے،چین کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ٹائم سیکو نے پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح برقی ٹرانسپورٹیشن کے شعبے کی ترقی کے لئے ٹرانسپورٹ ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے۔ ٹرانسپورٹ انفراسٹریکچر کو مستحکم کرنے کے عزم کے تحت ”ٹاٹو موبیلیٹی”نامی ایپلی کشن متعارف کرائی گئی ہے،گوگل پلے اسٹور سے(Timesaco)ایپ انسٹال کرکے کراچی کے صارفین اس سروس سے مستفید ہوسکیں گے۔

ٹاٹو موبیلٹی تمام اقسام کے پبلک ٹرانسپورٹرز جن میں شخصی، تجارتی کمپنیاں، نجی ادارے اور سرکاری ادارے شامل ہیں کو نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرے گی۔ اس طرح ٹاٹو موبیلٹی ٹیکسی کے حصول، پِک اینڈ ڈراپ، بس بکنگ اور کرایے پر گاڑیوں کی فراہمی سے متعلق ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ (Timesaco) ”ٹائم سیکو“ چین کی ایک معتبر ٹیکنالوجی کمپنی ہے،اس کو پاکستان میں لانچ کرنے کا مقصد ای ٹرانسپورٹ میں بہتری لانا ہے۔کمپنی کے میڈیا منیجر کا کہنا تھا کہ ہماری آن لائن سروس کے ذریعے کراچی کے عوام کو سفر کی بہترین اور سستی سہولت فراہم کی جائے گی،

آن لائن ٹرانسپورٹ سروس میں مسافر وں کے لئے گروپ چیٹ اور رائیڈ کو ٹریک کرنے کا فیچر بھی شامل ہوگا، چینی کمپنی پاکستان میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے ساتھ آئندہ برسوں میں دیگر سروسز بھی لانے کا ارادہ رکھتی ہے،انہو ں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو تیز ترین ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کے علاوہ کارگو سروس،ڈلیوری سروس، موبائل اے ٹی ایم سروس اور گاڑیوں کے اشتہارات کی سروس بھی مہیا کرنے جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ سروس پاکستان کے6 بڑے شہر جن میں کراچی، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں شروع کی جائے گی جس کا دائرہ کار بعد ازاں مزید شہروں تک بڑھایا جائے گا،

ان کا کہنا تھا کہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے جن میں براق(ٹیکسی سروس)، فیما(فوری ڈیلیوری سروس)اور کارگو سروس شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ اس آن لائن ٹیکسی سروس میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں وہ اپنی گاڑی کمپنی میں رجسٹر ڈکر اسکتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ٹائم سیکوکمپنی کے ڈرائیور کو کمائی کا 97 فیصد حصہ دیا جائے گا جس میں سے دو فیصد کمپنی رکھے گی جبکہ ایک فیصد حصے کو کمپنی سے منسلک ڈرا ئیور کے کلب کے لئے رکھا جائے گا جس کا مقصد ان کے خاندان کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے، ملک بھر سے ابتدائی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار ڈرائیورکو ممبرز بنایا جائے کراچی سے پچاس ہزار لاہور اور پشاور سے تیس تیس ہزار اسی طرح جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سے بیس ہزار اور دیگر شہروں سے دس ہزار ہو نگے،

انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنی گاڑیاں، موٹر سائیکل، رکشہ، پک اپس، چنکچی لوڈرز اور ٹرک کمپنی میں رجسٹر کرا سکتے ہیں جس سے وہ کئی طریقوں سے کمائی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ابتدائی طور پر 2 کروڑ ڈالر رکھے ہیں جو بڑھ کر 60 کروڑ ڈالر تک جا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کمپنی طلبا، بزرگوں اور خصوصی افراد کے لئے ڈسکاؤنٹ اور دیگر فیچرز بھی فراہم کرے گی۔ آئندہ ہفتے کراچی میں بھرپور انداز میں لانچ کرنے کی ہماری تیاری مکمل ہے اور اس کے لیے باقاعدہ تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا،

چین کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ٹائم سیکو نے پاکستان میں برقی ٹرانسپورٹیشن کے شعبے کی ترقی کے لئے ”ٹاٹو موبیلیٹی”نامی ایپلی کشن متعارف کرائی ہے۔