سندھ میں کتوں کو پکڑنے اور ویکسین لگانے کی مہم دم توڑ گئی

392

کراچی سمیت سندھ بھر میں کتوں کی بہتات پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا، بلدیاتی اداروں کی کتوں کو پکڑنے اور ویکسین لگانے کی مہم دم توڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کتوں کی بہتات کے باعث مسلسل سگ گزیدگی کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، جان لیوا بیماری رے بیز کا ایک اورکیس سامنے آگیا۔

ٹھٹھہ کی رہائشی35 سالہ شاہینہ بی بی میں رے بیز کی تصدیق ہوگئی۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی کے مطابق رے بیز میں مبتلا ٹھٹھہ کی رہائش35 سالہ شاہینہ بی بی کو داخل کیا گیا، متاثرہ خاتون کو دو ماہ قبل کتے نے پاؤں پر کاٹا تھا، متاثرہ خاتون نے کتے کے کاٹنے کے بعد ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی جس کے باعث رے بیز لاحق ہوا، چار بچوں کی ماں شاہینہ بی بی کو ہائیڈرو فوبیا کی کیفیت میں اسپتال لایا گیا۔

ڈاکٹر سیمیں جمالی کے مطابق اہل خانہ اصرار کر کے مریضہ کو اسپتال سے ٹھٹھہ لے کرروانہ ہوگئے ہیں، رواں سال رے بیز کے3 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، گزشتہ سال2019 ءمیں کتے کے کاٹنے کے باعث25 افراد جاں بحق جب کہ سگ گزیدگی کے 2 لاکھ سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔