کے پی میں نان بائیوں نے تندور بند کرنے کا اعلان کردیا

1837

خیبر پختونخوا میں نان بائیوں نے حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے تندور بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کے پی کے نان بائیوں نے صوبائی حکومت سے روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا، حکومت کے انکار پر نان بائیوں نے صوبے بھر میں تندور بندکرنے کا اعلان کردیا ہے۔

نان بائیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آٹے کی 85 کلو کی بوری 5 ہزار 200 روپے کی ہوچکی ہے لہٰذا 170 گرام کی روٹی 15 روپے کی کی جائے۔مگر صوبائی حکومت نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے نان بائیوں کو روٹی کی قیمت بڑھانے کا موقع مل گیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اور پنجاب سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آٹے کی قلت نے شدت اختیار کرلی ہے۔ آٹا مالکان نے بھی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے جس سے عوام کی مشکل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔