کراچی کے بلدیاتی اداروں میں تبادلے و تقرریوں کا رجحان بڑھ گیا

335

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلعی بلدیات میں تبادلوں، تقرریوں کا رحجان بڑھنے لگا ہے۔ بلدیاتی نمائندگان کی مدت تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ بلدیاتی نمائندگان کی مدت مکمل ہونے سے قبل لوکل گورنمنٹ افسران کا نیٹ ورک قائم کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز کی آمد کے بعد پیپلز پارٹی انہیں بھرپور طریقے سے بلدیاتی الیکشن کیلئے استعمال کر سکتی ہے۔

ادھرضلعی بلدیات کے چئیرمینز تبادلوں وتقرریوں پر کوئی خاص ردعمل ظاہر نہیں کر رہے ہیں۔ اعلی سطحی افسران کی تبدیلیوں کا عمل بلدیاتی نمائندگان کے جانے کے بعد ہوگا۔ تاہم بلدیاتی اداروں میں نچلی سطح پر محکمہ جاتی تبدیلیوں کا عمل جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اندرون سندھ سے آئے افسران کو کراچی کے بلدیاتی اداروں کی اہم پوسٹوں پر تقریبا کھپا دیا گیا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹرز کے دور میں پیپلز پارٹی بھرپور کام کروانے کے موڈ میں ہے اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کراچی کا میدان مارنے کیلئے حکمت عملی وضع کر چکی ہے۔ تبادلوں وتقرریوں سے مقامی افسران وملازمین شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

ایس یو جی پوسٹوں پر بمشکل کوئ مقامی افسر یا ملازم تعینات ہے۔نان ایس یوجی پوسٹوں پر بھی مقامی افسران وملازمین کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد تصادم جیسی کیفیت ہے لیکن سندھ حکومت کی وجہ سے خاموشی طاری ہے۔