محمد حسین محنتی کا شہید عظیم بلوچ کے نام سے فلاحی پروجیکٹ قائم کرنے کا اعلان

423
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی قبا آڈیٹوریم میں الخدمت کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ بے سہارا لوگوں کی خدمت اور دکھی انسانیت کے کام آنا رب کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے،شہید عظیم بلوچ کے نام سے سندھ میں ایک بڑا پروجیکٹ قائم کیا جائے گا،جماعت اسلامی رنگ و نسل اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت نے ہمیشہ اور ہرمشکل گھڑی میں اہل سندھ کی خدمت کی ہے اور آئندھ بھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں الخدمت سندھ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ سمیت الخدمت کے دیگر ذمے داران بھی موجود تھے جبکہ الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے گزشتہ سال کی فلاحی سرگرمیوں، الخدمت اسپتال کشمور اور آغوش سینٹر ہالا مٹیاری کی جائزہ رپورٹ اور آئندہ سال کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ صوبائی امیر نے کہا کہ عوام کو روزگار اور صحت وتعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے مگر حکومتی غفلت اور کرپشن کی وجہ سے الخدمت فائونڈیشن سمیت دیگر فلاحی ادارے یہ فرض حسب حال اپنا فرض نبھا رہے ہیں۔