پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،عارف علوی

323
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی سفیر یائو جنگ ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی امن و سلامتی کے ضامن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ سے ملاقات میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی علامت ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ اس کی تکمیل سے پاکستان کو توانائی، صنعت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں کی مکمل صلاحیت بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین ہمارے بنیادی قومی مفادات سے متعلق معاملات پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے بالخصوص کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت پر چین کو سراہا۔