ون وے کی خلاف ورزی پرکراچی کے 100مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیم نے مقدمات کر لیے،

499

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ٹریفک قوانین خاص طور پر و ن وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک اور تھانہ پولیس نے بھرپور آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہے، اس سلسلے میں کراچی کے لگ بھگ 100 مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں گرفتار کرکے مقدمات درج کیے۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے تینوں زونز کی مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں، رکشہ، کار ڈرئیوروں اور دیگر گاڑیاں چلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر شروع کی گئی مہم ایسے مقامات سے شروع کی گئی ہے جہاں ون وے کی خلاف ورزی کی وجہ سے سنگین حادثات ہوتے ہیں اور بیشتر مقامات پر انسانی جانی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، تمام ایس پی ٹریفک، ایس ڈی پی اوز، سیکشن افسران، ایس ایچ اوز دیگر متعلقہ افسران اس مہم میں شریک ہیں، جس میں کیمروں اور موبائل ویڈیوز کی مدد سے شواہد بھی جمع کئے جارہے ہیں۔

عام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جارہے ہیں تاہم ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں تھانوں میں منتقل کیا جارہا ہے، جہاں ٹریفک پولیس کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ماضی میں اس طرح کے گرفتار شدگان کو تھانے سے ہی شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا جاتا رہا مگر اس مہم میں پولیس حکام کی جانب سے سخت احکامات ہیں کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔