فیصل واوڈا کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر نوٹس جاری

313

 سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر 23 جنوری کے لیے ایس پی کمپلینٹ سیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جمعہ کو ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست مقامی وکیل رانا نعمان ایڈووکیٹ اور مدثر چوہدری ایڈوکیٹ نے دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ فیصل واوڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضیک کی، فیصل ووڈا وفاقی وزیر ہیں۔

 انہوں نے پارلیمنٹ کی توہین کی، ان کا عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے، تھانے میں فیصل ووڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پولیس کو وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے کہا متعلقہ ایس ایچ او اور فیصل ووڈا کے علم میں لائیں کہ ان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔