وزیراعظم عمران خان کا آزاد کشمیر کے بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

105

وزیراعظم عمران خان نےآزاد کشمیر کےحالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اوربرفانی تودے اور لینڈ سلا ئیڈنگ کی زد میں میں آکر زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نےآزاد کشمیر کےحالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے مظفر آباد پہنچنے جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں بشمول نیلم ویلی کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سی ایم ایچ مظفر آباد کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران وزیراعظم کو بارشوں اور برف باری سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں چیف سیکرٹری نے بتایا کہ حالیہ  واقعات میں 67لوگ جاں بحق ، 53زخمی ہوئے،1مسجد شہید، 198گھر ،22دکانیں ، اور 12گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ وادی نیلم کے گاﺅں سرگن ، کیل ، لوات اور چکناڑسب سے زیاد ہ متاثر ہوئے ہیں۔

چیف سیکریٹری نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے، معذور ہونے والوں کو 75 ہزار اور زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے فوراًبعد ریاستی اداروں نے پاکستان آرمی ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مل کر ریلیف و ریسکیو آپریشن شروع کیا،چار ہیلی کاپٹروں نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن میںحصہ لیااور زخمیوں کو کیل ، شاردہ اور مظفرآباد منتقل کیا۔

متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کو کھولنے کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ ان علاقوں میں فوڈ آئٹم اور دیگر اشیاءضروریا پہنچا دی گئی ہیں۔