ٹی 20 ورلڈ کپ؛ ٹیموں کی تعداد 16 سے 20 کرنے پر غور

550

دبئی: آسی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد 16 سے 20 کرنے کی تجویز بھی سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اپنےاگلےنشریاتی سائیکل 2023 سے 2031 کے درمیان جہاں 4 روزہ ٹیسٹ کی متنازع تجویز پرغورکرنے کیلیے تیار ہے، وہیں اب یہ معلوم ہواکہ ورلڈ باڈی نئے دورانیے میں اپنے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی ٹیموں کی تعداد 20کرنے کابھی جائزہ لےرہی ہے۔ اس وقت مختصر ترین فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد 16 ہے، جس میں سے آدھی ٹاپ رینکنڈ سائیڈز براہ راست مین راؤنڈ کا حصہ بنتی ہیں جبکہ باقی کے درمیان کوالیفائنگ اسٹیج پر مقابلہ ہوتا ہے۔

نجی سائٹ کی رپورٹ کےمطابق اگرٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تو 5، 5 سائیڈز کے 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا ، ٹاپ ٹیمیں پھر سیمی فائنل میں کھیلیں گی جبکہ دوسرا آپشن موجودہ طرز پر نئی ٹیموں کو بھی کوالیفائنگ اسٹیج پر شامل کرنے کا ہے۔ آئی سی سی کرکٹ کو امریکا جیسے بڑے ملک میں فروغ دینے کا خواہاں اورٹیموں میں اضافے کا مقصد امریکی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرناہے۔

آئی سی سی ٹی 20 اور ون ڈے فارمیٹ میں منتخب ٹیموں کے درمیان چیمپئنز ٹرافی اسٹائل کے ایونٹس شروع کرنے پر بھی غور کررہی ہے،جس کیلئے اگلی میٹنگ مارچ میں شیڈول ہے۔