وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دب کر 62 افراد جاں بحق،درجنوں لاپتہ

411

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں لاپتہ ہوگئے۔

آزادکشمیر میں جاری بارشوں اورشدیدبرفباری کے باعث وادی نیلم اور لیپا سمیت بالائی علاقوں میں ٹیلی فون اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،مختلف اضلاع کی رابطہ سڑکیں بھی برف باری کے باعث بند ہیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

حالیہ بارش اور برفباری سے اب تک 62 افراد جاں بحق اور 47 زخمی  ہو چکے ہیں۔ وادی نیلم میں گرنے والے برفانی تودے سے49افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں،دیگر علاقوں میں کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ 56 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ حالیہ برفباری اور برفانی تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں  جب کہ برفانی تودہ گرنےسے 3 گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے مگر زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔