کراچی میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

397

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر دو روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہم 10 جنوری سے شروع کی جا رہی ہے۔ مہم کے دوران کراچی کی 34 انتہائی حساس یونین کونسلوں میں پانچ سال عمر تک کے ان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی، کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر، کمشنر کراچی ٹاسک فورس کے کو آرڈی نیغٹر، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، پولیس اور رینجرز کے افسران اور عالمی ادارہ صحت یونیسیف اور روٹری کلب کے نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی بتایا گیا کہ رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لئے شروع کی جانے والی خصوصی انسداد پولیو مہم میں ساٹھ ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی کوششیں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ ان کا کردار بہت اہم ہے وہ تمام متعلقہ اداروں اور کمیونٹی کے تعاون سے ان کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا کر دار ادا کریں، مربوط کوششیں کریں یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے جو بچے رہ گئے ہیں ان سب تک پولیو ٹیموں کی رسائی ہو۔

کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے مستققبل کے لئے تعاون کریں آگے بڑھ کر اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ وہ پولیو سے اپنے بچوں کو محفوظ کرکے ان کے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مانٹرنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے گا ہر روز ضلعی پولیو کنٹرول روم کا اجلاس مہم کے آغاز اور اختتام پر منعقد ہو گا تاکہ انسداد پولیو کی منصوبہ بندی اور کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے۔