سرکاری بل پر بڑی پارٹیوں نے اصولوں کے بجائے اپنی مجبوریوں کو ووٹ دیا،سراج الحق

184
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق قلات میں مختلف قبائل کے مؤثر افراد سے گفتگو کررہے ہیں

قلات ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سرکاری بل پر سابق حکمران پارٹیوں نے اصولوں کے بجائے اپنی مجبوریوں کو ووٹ دیا ۔ جماعت اسلامی نے ملکی تاریخ کے اہم موقع پر درست سمت میں کھڑے ہو کر اصولوں کا ساتھ دیا ۔ بل کی حمایت کرنے والی موجودہ و سابق حکمران پارٹیاں قومی ایشوز اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے کیوں ایک نہیں ہوتیں۔ہمارے سینیٹرمشتاق احمد خان کو ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں نہ بلانا قابل افسوس اور قواعد و ضوابط کی سخت خلاف ورزی ہے ۔ بلوچستان کو حقوق سے محروم رکھ کر پاکستان کو کمزور کیا گیا۔وفاق نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیااور ایسی قیادت مسلط کی جس نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے اور میرٹ کی دھجیاں بکھیریں۔قلات نے قیام پاکستان کے وقت بڑی قربانیاں دیں۔ ریاست قلات کے حکمران نے پاکستان کے لیے اپنے خزانوں کا منہ کھول دیا اور اپنے سونے اور چاندی کے ذخائر پاکستان کے لیے وقف کردیے مگر پاکستان پر مسلط حکمران ٹولے نے ان قربانیوں کا قلات کے عوام کو اب تک کوئی صلہ نہیں دیا۔ قلات میں پانی کا لیول ایک ہزار فٹ تک نیچے چلاگیا ہے اور لوگ پانی کے لیے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں ،علاقے میں 4 ہزار8 سو ڈیمز بنانے کی فزیبلٹی موجود ہونے کے باوجود حکومت سوئی ہوئی ہے اور کچھ کرنے کو تیار نہیں۔سوئی گیس ملک کے ہر کونے تک پہنچ گئی ہے مگر جہاں سے یہ گیس نکل رہی ہے وہاں کے سیکڑوں علاقے آج بھی گیس سے محروم ہیں۔ آغاز حقوق بلوچستان پیکج پر بھی عملدرآمدنہیں ہوا، حکمرانوں نے معافیاں تو مانگیں مگر آج تک اپنا کوئی وعدہ پورانہیں کیا۔ بلوچستان کے ہزاروں لاپتا افراد کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت ہر جگہ آواز اٹھائے گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معززین قلات اور سوراب کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی بھی موجودتھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جسے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے ۔بلوچستان کی پسماندگی اور چاروں طرف پھیلی ہوئی غربت کو دیکھ کر یہاں کے عوام کی محرومیوں پر دل کڑھتا ہے مگر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔لاکھوں نوجوان بے روز گار ہیں کسان اور دہقان حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی بدحالی کو دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ یہ علاقہ موہن جودڑواور ہڑپہ کا حصہ ہے ۔علاقے میں تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کی تعمیر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے بچوں کو تعلیم اور بیماروں کو علاج کی سہولت دستیاب نہیں ۔روز گار سے محروم نوجوان مایوسی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی لاپروائی کی وجہ سے علاقے کے عوام کے اندرپایا جانے والا غم وغصہ فطری بات ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پورے ملک کی طرح بلوچستان سے لاپتا ہونے والے ہزاروں لوگوں کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ حکومتی و سیکورٹی اداروں نے لاپتا افراد کو ڈھونڈنے اور بازیاب کرانے کی کوئی کوشش کی ہے ۔معصوم بچوں کے باپ اوربوڑھے والدین کے بیٹے ،بہنوں کے بھائی اور جوان بیٹیوں کے سہاگ اٹھالیے گئے مگر کسی کو ان کا جرم معلوم نہیں ،اس ظلم پر ہر طرف خاموشی ہے ۔ لاپتا افراد کے بچوں اور بوڑھے والدین کی چیخ و پکار سنائی دیتی ہے، جسے سننے کو کوئی تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اڑوس پڑوس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ضروری ہے کہ علاقے کے مسائل کو حل کرنے کی طرف فوری توجہ دی جائے ۔ اگر صوبے میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم نہ کیا گیا تو عوام کے اندر پائی جائے والی بے چینی اور مایوسی مزید بڑھے گی۔