آسٹریلیا نے 10 ہزاراونٹوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا

1260

سڈنی: آسٹریلوی حکام نے بہت زیادہ پانی پینے کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد  اونٹوں کو قتل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی حکام اونٹوں کو قتل کرنے کی 5 روزہ مہم کا آغاز 9 جنوری سے کریں گے جبکہ اس کی وجہ انھوں نے اونٹوں کا بہت زیادہ پانی پینا بتائی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ آسٹریلوی حکام اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئےہیلی کاپٹراستعمال کریں گے۔

دوسری جانب غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اونٹوں کی قتل کرنے کی ایک وجہ خشک سالی بھی ہے۔

آسٹریلیا کی مقامی حکومت کی ایک خاتون عہدیدار کا کہنا تھا کہ اونٹ ہمارے معاشرے میں مسائل پیدا کررہے ہیں، ہم شدید تعفن اور مشکل حالات میں گھِر گئے ہیں جس کی وجہ سے ہم پر برے اثرات پڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اونٹوں کی بڑی تعداد گھروں کے اطراف آرہی ہے اور گھروں کے باہر لگی باڑوں کو دھکیل کرائیرکنڈیشنر کا پانی بھی پینے کی کوشش کرتی ہے۔

واضح رہےکہ آسٹریلیا کے جنگلات میں نومبر سے لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس میں اب تک 50 کروڑجانوروں سمیت 20 سے زائد افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہیں۔