دورہ پاکستان ،بنگلادیش کا حتمی فیصلہ 12 جنوری کو متوقع

358

ڈھاکا(آئی این پی) پاکستان کے خلاف سیریز کا معاملہ ہوا میں معلق رکھنے والے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے فروری میں زمبابوے کی میزبانی کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔افریقی ٹیم کیخلاف ہوم سیریز میں 3ون ڈے اور ایک کے بجائے 2ٹیسٹ شامل کئے جائیں گے، فیوچر ٹور پروگرام کے تحت زمبابوے کی ٹیم کو مارچ میں ایک ٹیسٹ اور 5ٹی 20میچز کھیلنے کے لیے مارچ میں بنگلہ دیش آنا تھا، اب فروری میں سیریز کا آغاز کرتے ہوئے 3ون ڈے، 3ٹی 20اور 2ٹیسٹ میچز شیڈول کئے جائیں گے۔بنگلا دیشی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظم الحسن کا کہنا ہے کہ زمبابوین ٹیم فروری میں آئے گی،چیئرمین کرکٹ آپریشنز محمد اکرم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم کی فروری میں آمد ہوگی، تاریخوں کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، زمبابوین بورڈ کے ساتھ بات چیت میں معاملات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے بنگلہ دیشی بورڈ کو بھجوائے جانے والے مجوزہ شیڈول کے مطابق 3 ٹی ٹوئنٹی میچز جنوری جبکہ دونوں ٹیسٹ فروری میں ہونے ہیں۔ اس صورتحال میں بی سی بی کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سیریز کو قبل از وقت شیڈول کئے جانے سے کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، باہمی سیریز کے حوالے سے پی سی بی تاحال بنگلا دیش کے جواب کا منتظر ہے۔ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رضامندی جاننے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رضامندی جاننے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے، ایک ٹیسٹ کرکٹر سے بھی اسے ضمن میں بات ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی مزید کھلاڑیوں سے ملاقات بھی ہوگی۔جب کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ 12جنوری کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں متوقع ہے، اگر مثبت فیصلہ ہوا تو ٹیم کی روانگی 18جنوری کو متوقع ہے۔