موسم سرد ہوتے ہی شہری بخار اور نزلہ زکام میں مبتلا ہونے لگے

1611

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سردی میں شدت کے ساتھ ہی شہر میں ناک و گلے کے امراض پھیلناشروع ہو گئے ہیں اور بڑی تعداد میں شہری نزلہ، زکام،کھانسی، سر درد، ناک بند ہونے، ناک سے پانی گرنے، چھینکیں آنے، گلے میں درد و خراش، جسم میں درد اور بخارکی شکایت کے ساتھ اسپتالوں میں آرہے ہیں جس پر ماہرین امراض ناک، کان و گلہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تلی ہوئی، زیادہ کھٹی، چکنی و ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں، پنکھا آہستہ چلائیں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ماسک پہنیں بصورت دیگر یہ امراض سنگین نوعیت اختیار کر سکتے ہیں۔ معروف ماہر امراض ناک کان وگلا پروفیسر ڈاکٹر سید محمد طارق رفیع نے بتایا کہ جب بھی موسم خشک یا تبدیل ہوتا ہے اسی طرح بڑی تعداد میں مریض آنا شروع ہو جاتے ہیں کیوں کہ وہ احتیاط نہیں برتتے اور ہر طرح کا ٹھنڈا اور کھٹا کھانا کھا لیتے ہیں، تیز پنکھا چلاتے ہیں حالاں کہ پنکھے کی براہ راست ہوا نا ک پر لگنے سے نزلہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر احتیاط کی جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ امراض4 سے5 دن میں از خود ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ جناح اسپتال کے شعبہ ناک، کان وگلا کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رزاق ڈوگر نے بتایا کہ آج کل موسم کی تبدیلی کے باعث ناک کی الرجی کے بہت زیادہ مریض آرہے ہیں اور کراچی میں ناک کی الرجی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے کیوں کہ کراچی سمندر کے قریب ہے اور یہاں دھول مٹی بہت زیادہ ہوتی ہے، لوگ احتیاط نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ الرجی کے حوالے سے کچھ لوگ فوراً اینٹی بائیوٹک لینا شروع کر دیتے ہیں جب کہ کچھ لوگ بالکل توجہ نہیں دیتے کہ یہ ازخود ٹھیک ہو جائے گا یہ دونوں رویے غلط ہیں، مریضوں کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ جناح اسپتال کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہرتمینہ خان نے بتایا کہ ناک کو نمک کے پانی سے صاف کرنا چاہیے، بھاپ لینی چاہیے اس سے فائدہ ہوتا ہے، چھوٹے بچوں کے لیے بازار میں نمک کے پانی کے قطرے دستیاب ہوتے ہیں جو بچوں کے لیے استعمال کیے جائیں اور ناک کی الرجی کے مریض وضو بھی نمک والے پانی سے کریں۔