وزیر خارجہ بتائیں امریکہ ایران کشیدگی پر حکومت کا موقف کیا ہے؟ پی پی پی

389

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا پارلیمنٹ میں کہنا تھا  کہ امریکہ اور ایران میں کشیدگی میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بغداد میں امریکی فضائی حملے میں ایرانی کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن اور تہران کے مابین کشیدگی میں اضافے کا پاکستان پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

رضا ربانی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر خارجہ کو ایران میں  بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں پالیسی بیان دینے کے لئے ایوان میں آنا چاہئے اور ہمیں یہ بھی بتانا چاہئے کہ اس معاملے پر حکومت کا مؤقف کیا ہے؟۔

مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کا سینٹ میں آنا اور مشرق وسطی کی صورتحال پر قانون سازوں کو اعتماد میں لینا انتہائی ضروری ہے۔

وزیر خارجہ کی غیر موجودگی میں قائد ایوان شبلی  فراز نے امریکی ایران کشیدگی کے بارے میں قانون سازوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے شبلی فراز کو وزیر خارجہ کو یہ پیغام پہنچانے کی ہدایت کردی ہے۔