بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کیا، چیف آف دی نیول اسٹاف

344

پاک بحریہ میں نئے فضائی اثاثوں تقریب منعقد ہوئی،مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ میں نئے فضائی اثاثوں کی شمولیت کی تقریب منعقد کی گئی،جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں سرکاری اداروں اور پاک بحریہ کے اعلی حکام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد کشیدہ صورتحال میں پاکستان نیول ایوی ایشن نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس بحری آپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے ائیر کرافٹس کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد میں اضافہ ہو گا، ائیر کرافٹس کی شمولیت سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز کو بھی مزید وسعت حاصل ہو گی۔

ایڈ مرل ظفر محمود عباسی نے جہازوں کے عملے کو جدید پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے اور ملکی بحری دفاع میں اہم کردار ادا کرنے کی تاکید بھی کی۔

فضائی اثاثوں کی تقریب میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول،ائیر کرافٹس اور خودکار ڈرونز کو پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل کیا گیا۔

بعد ازان ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ میری ٹائم آپریشنز کو مزید بہتر بنانے کے لئے جنگی صلاحیتوں کے حامل خود کار ڈرونز کا مزید حصول بھی پاک بحریہ کے آئندہ منصوبوں کا حصہ ہے۔