ایم کیو ایم وفاق میں بیٹھ کر کس چیز کا رونا رورہی ہے،عاجز دھامراہ

348

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پارلیمنٹ کی توقیر کے لیے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کی ہے۔ایم کیو ایم وفاق میں بیٹھ کر کس چیز کا رونا رورہی ہے۔میئر کراچی اگر شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں اپنے ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کرتے ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عاجز دھامراہ نے کہا کہ کچھ عناصر عوام کی خدمت کی بجائے اپنی خدمت کی بات کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی نے کبھی شہر قائد کا فنڈ نہیں روکاہے۔کے ڈی ایم سی ہو یا دیگر ادارے انہیں پورا فنڈ ملتا ہے،

بلاول بھٹوکو میڈیا میں یو ں دکھایا جارہا ہے کہ جیسے انہوں نے کہا ہو کہ اگر ایم کیو ایم اتحاد نہیں کریگی تو انہیں فنڈ نہیں دیا جائے گا۔شاید مئیر کراچی سے پیپلز پارٹی کی ترقی کی تیزی نہیں دیکھی جارہی ہے۔پیپلز پارٹی کو فنڈ کی نہیں بلکہ صوبے کو فنڈ کی ضرورت ہے۔پیپلزپارٹی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارا کام وفاقی حکومت کو جگانے کا ہے،

انہوں نے کہا کہ ہمار ا کورنگی سے کوئی رکن اسمبلی موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو زرداری نے وہاں میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے،جو اس بات کا ثبوت ہے پیپلزپارٹی بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔کوئی نئی وزارت لینا چاہتا ہے تو لے لے مگر پیپلزپارٹی خدمت پر یقین رکھتی ہے،

میئرکراچی شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں توآگے آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔کراچی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی فنڈ آیا تو یہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا اثر ہوگا۔متحدہ قومی مومنٹ وفاق میں بیٹھ کر کس چیز کا رونا رورہی ہے،

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جامع منصوبہ بندی کے تحت کراچی میں ترقیاتی کام کرارہی ہے جبکہ وفاقی حکومت دوسری حکومتوں منصوبوں کا افتتاح کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے نام پر وفاقی حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔یونیورسٹی کے لیے ابھی تک زمین بھی نہیں خریدی نہیں گئی ہے۔تحریک انصاف کے حمایتی بھی اب اپنی جماعت کے خلاف باتیں کررہے ہیں،

سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس سے محروم کردیا گیا ہے،جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔گیس،بجلی، ڈیزل،پیٹرول مہنگا کردیا ہے مگر حکومت کی پیاس اب بھی نہیں بجھی ہے۔عاجز دھامراہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اتنی نااہل ہے کہ اس سے تین لائن کا نوٹی فکیشن بھی نہیں بنتا ہے۔پیپلزپارٹی نے پارلیمنٹ کی توقیر کے لیے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کی ہے۔