=سرینگر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو گھر سےگرفتار کرلیا گیا ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور 5 اگست کو آرٹیکل 370 کے نفاذ کے بعد سے مقبوضہ وادی میں تاحال کرفیو نافذ ہے جبکہ مودی سرکار کی جانب سے حریت رہنماؤں سمیت سیکڑوں سیاسی کارکنوں کو حراست یا پھر نظربند کررکھا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو بھی حراست میں لے لیا ہے، التجا کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا اور بھارتی فورسز نے انہیں حراست میں لینے کے بعد ان کے گھر جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ التجا مفتی نے آج پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا اور میڈیا کو بھی ان کی حراست سے متعلق کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس سے قبل التجا مفتی نے امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کو انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارتی جبر کے خلاف آواز اُٹھانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔