جرمنی: چڑیا گھر میں آتشزدگی درجنوں جانور ہلاک

154

جرمنی کے شہر کریفیلڈ کے چڑیا گھر میں لگنے والی آگ سے بندروں کا مخصوص حصہ جلا کر راکھ ہوگیا ۔

جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر کریفیلڈ میں چڑیا گھر کے جس حصے میں آگ لگی وہ مختلف النسل بندروں کے لیے  مختص تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے  کے مطابق چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اپنے فیس بک پر جاری بیان میں واقعے کو بڑا سانحہ قرار دیا اور بتایا کہ  بندروں کے گھر (ایپ ہاؤس) میں کوئی بھی جانور زندہ نہیں  بچا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے حصے میں مختلف نسل کے اورنگاٹان، چمپنزی، گوریلے، مرکٹ سمیت مختلف اقسام کی چمگاڈروں اور پرندوں کو رکھا گیا تھا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ حصے کے ساتھ موجود پنجروں میں گوریلے رکھے گئے تھے جنہیں  بچانے میں فائر بریگیڈ ارکان  کامیاب رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا شکار ہونے والی عمارت کو گرین ہاؤس کی طرز پر تعمیر کیا گیا تھا جس کا افتتاح 1975ء میں ہوا تھا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کے باعث  عمارت اپنی بنیادوں تک مکمل طور پر جل گئی ہے۔

چڑیا گھر میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ  نئے سال کے موقع پر کی جانے والی آتش بازی لگی۔