امریکی دھمکی پرایران کا زبردست ردعمل سامنے آگیا

396

تہران: امریکہ کی جانب سے دی گئی دھمکی پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران نے لڑنے کا فیصلہ کر لیا تو نتائج اچھے نہیں ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نےایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران  نے  لڑنے کا فیصلہ کر لیا تو نتائج اچھے نہیں ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن ہم پوری شدت سے ایران کے مفادات اور اس کے وقار کا دفاع کریں گے۔ اگر کسی نے ہمیں دھمکی دی تو ہم بنا کسی ہچکچاہٹ کے مقابلہ کریں گے اور ان پر حملہ کریں گے۔

آیت اللہ علی خامنہ کا یہ  بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس ٹویٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ٹرمپ نے بغداد میں امریکی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری ایران پر عائدکی تھی اور کہا تھا کہ ہمارے کسی بھی جانی اور مالی نقصان کی تمام تر ذمہ داری ایران پر ہوگی اوراس کا انہیں خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ کوئی دھمکی نہیں بلکہ خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتےعراق میں واقع ایک اڈے پر امریکی طیاروں نے بمباری کرکے درجنوں اہلکار کو جاں بحق کردیا تھا جس پر بغداد میں ہزاروں افراد نے امریکی سفارتخانے پر حملہ کیا تھا۔

امریکا نے ان مظاہروں کی تمام تر ذمہ داری ایران پر ڈال دی تھی جس کے بعد امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے ہزاروں فوجیوں کو کویت پہنچنے اور جنگ کے لیے الرٹ ہونے کا نوٹس جاری کر دیا ہے ۔